پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 44 افراد انتقال کر گئے اور دو ماہ بعد کورونا کے 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 52 ہزار 291 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4119 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 44 افراد انتقال کر گئے۔
پاکستان میں آخری بار 21 مئی کو کورونا کے 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور اس روز ملک میں کورونا سے 88 اموات بھی ہوئی تھیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.8فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 131 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 15 ہزار 827 تک جاپہنچے ہیں۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7020 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 35 ہزار 742 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 56952 ہے۔