سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں اتنی بڑی دھاندلی کے بعد شہباز شریف لاہور میں بیٹھ کر یہ نہیں کہہ سکتے کہ پارٹی ردعمل نا دے۔
سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف دھاندلی پر خود کچھ نہیں بولے لیکن کسی کو بولنے سے منع بھی نہیں کیا۔
محمد زبیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دھاندلی سے متعلق کچھ تفصیلات شہباز شریف کو بتائی ہیں، ایک دو روز میں مزید آگاہ کر دیا جائے گا، شہباز شریف سوچے سمجھے بغیر کوئی بات نہیں کرتے۔
واضح رہےکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف نے 25 نشستیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کی ہے جب کہ پیپلزپارٹی 11 نشستیں لے کر دوسرے اور (ن) لیگ 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے اسے عالمی سازش قرار دیا ہے۔