اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ایم پی اے نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نا ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نا ہونے کے باعث صرف 25 منٹ ہی چل سکا۔
ترین گروپ کے سعید اکبر نوانی نے کہا کہ شہزاد اکبر نے نذیر چوہان پر تشدد کے لیے براہ راست ہدایات دیں، پروڈکشن آرڈر کو نہیں مانا جاتا تو یہ کھلی جنگ ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بیوروکریٹس سن لیں، یہ جنگل ہے اور نا یہاں کوئی ٹارزن ہے، روزانہ اجلاس ہو گا جس میں صرف نذیر چوہان پر بات ہو گی۔
چوہدری پرویز الٰہی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نذیر چوہان کو ایوان میں کیوں نہیں لایا گیا، کیا یہ لوگ پارلیمنٹ سے کھلی جنگ چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے استحقاق کا بل متفقہ طور پر منظور کروایا تھا، بیوروکریٹس کی کیا حیثیت ہے، اسمبلی کا استحقاق مجروح کرنے والوں کو استحقاق بل کے ذریعے سزا دیں گے، حکومت کو کوئی قانون منظور نہیں کرنے دیں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اجلاس بغیر کارروائی کے جمعہ دو بجے تک ملتوی کر دیا۔