کورونا وائرس سے متاثر سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور ان کی اہلیہ مسز سرینا عیسیٰ کی طبیعت گزشتہ روز ناساز ہوگئی،جس پر ڈاکٹرز نے 2 بار معائنہ کیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کو بولتے ہوئے تکلیف کا سامنا ہے، انہیں گزشتہ رات اسکین کے لیے اسپتال بھی لے جایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے گزشتہ روز آن لائن اڑھائی گھنٹے تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بھی اٹینڈ کیا تھا، جس کے بعد سے انہیں بولتے وقت سینے میں شدید دکھن شروع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ مسز سرینا عیسیٰ کی طبیعت بھی گزشتہ روز بگڑگئی تھی اور ڈاکٹرز نے ان کا بھی معائنہ کیا، مسز سرینا عیسیٰ کو ڈرپ کے ذریعے 2 بار دوا دی گئی۔
خیال رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ مسز سرینا عیسیٰ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر گھر میں قرنطینہ کیے ہوئے ہیں۔