کورونا: کراچی میں لاک ڈاؤن ہوگا یا نہیں؟ کورونا ٹاسک فورس کا اہم اجلاس آج ہوگا

کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ کورونا ٹاسک فورس کا اہم اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں صوبائی وزرا، طبی ماہرین اور پی ایم اے کے نمائندے شریک ہوں گے جب کہ ٹاسک فورس اجلاس میں پہلی بار سندھ اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو بھی بلایا گیا ہے، اس کے علاوہ ڈی جی رینجرز سندھ کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں سخت فیصلے متوقع ہیں، محکمہ صحت نے ٹاسک فورس کو 2 ہفتے کے لاک ڈاؤن کی تجویز دی ہے جب کہ طبی ماہرین نے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر بھی دو ہفتے کی پابندی لگانے کی تجویز دی۔

اس کے علاوہ تمام تعلیمی ادارے اور تعلیمی سرگرمیاں بھی دو ہفتے کیلئے بند کرنے کی تجویز ہے۔

واضح رہےکہ این سی او سی نے کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کی ہے اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پورے پورے شہر ہفتوں بند کرنا علاج نہیں ہے تاہم سندھ حکومت کا کہنا ہےکہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاق کیا کہتا ہے ہمیں اس کی پروا نہیں ہے، کورونا کی سطح کو نیچے لانے کے لیے فوری حل صرف لاک ڈاؤن ہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں