بھارتی دھمکی کے باعث غیر ملکی کرکٹرز کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار

بھارت کی جانب سے کشمیر پریمیئر لیگ کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں منظرعام پر آگئیں۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکی کے باعث ٹورنامنٹ میں شریک تمام غیر ملکی کرکٹرز دستبردار ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو بھارتی بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی اور ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو کہا گیا کہ کشمیر گئے تو ان پر آئی پی ایل سمیت انڈین کرکٹ کے دروازے بند کردیں گے۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے ایجنٹ کو بی سی سی آئی کے اعلیٰ افسر نے دھمکی دی جس کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کرلی۔

منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ 6 اگست سے ٹورنامنٹ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہوگا۔

دوسری جانب جیونیوز کے پاس ایجنٹ کے خط کا دستاویزی ثبوت موجود ہے۔

خیال رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز 6 اگست سے ہورہا ہے جبکہ لیگ کا فائنل 17 اگست کو مظفرآباد میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں