محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں آج سے جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہوگا اور شہریوں کے غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے پر پابندی ہوگی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بھی بند ہوگی اورگاڑیوں میں دو سے زیادہ افراد ہنگامی صورتحال میں ہی سفر کرسکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کریانہ، بیکری، سبزی، گوشت کی دکانیں شام 6 بجے تک کھلیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بسوں کا پہیہ بھی رک جائے گا، صرف رکشا ٹیکسی چلیں گے جبکہ ریسٹورنٹس سے صرف ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تمام امتحانات بھی 8 اگست تک ملتوی کردیے گئے ہیں اور تمام جامعات کو بھی 8 اگست تک بند کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ تعلیمی، تجارتی، مذہبی، تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی جبکہ نماز جنازہ اور دیگر مذہبی رسومات ایس ایچ او کے علم میں لاکر ادا کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں 31 جولائی سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔