پاکستان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار سے متعلق کینیڈا کے سابق وزیر کرس الیگزینڈر کے تبصرے کو غیر ضروری اور بد نیتی پر مبنی قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کینیڈا کے سابق وزیر کرس الیگزینڈر کے بے بنیاد تبصروں کی شدید مذمت کرتا ہے، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار سے متعلق ان کا دعویٰ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے، ایسے ریمارکس اس مسئلے کو سمجھنے کے مکمل فقدان اور زمینی حقائق سے لاعلمی پر مبنی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دنیا پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کے اس مؤقف کو مان چکی ہے کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان ہمیشہ معاملے کے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے غیر ضروری تبصرے قابل افسوس ہیں، معاملہ کینیڈا کے ساتھ اٹھایا گیا ہے، کینیڈین حکام پر زور دیا ہے کہ وہ بدنیتی پر مبنی اس مہم سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں۔