اداکارہ اشنا شاہ کورونا میں مبتلا ہوگئیں

اداکارہ اشنا شاہ کووڈ کی دونوں خوراکیں لگوانے کے بعد بھی وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔

اشنا نے انسٹاگرام پر پوسٹ کے ذریعے مداحوں اور دوستوں کو اطلاع دی اور بتایا کہ کچھ روز سے انہیں بخار تھا جسے وہ وائرل سمجھ رہی تھیں لیکن حالت خراب ہونے پر انہوں نے کووڈ کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ویکسین کی دونوں لازمی خوراکیں لگوانے کے بعد بھی میرا کووڈ کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں مضبوط مدافعتی نظام کے ساتھ ایک صحت مند انسان ہوں لیکن پھر بھی اس وائرس نے مجھ پر حملہ کردیا جس کی علامات کافی ناخوش گوار ہیں۔

اشنا شاہ نے کہا کہ یہ سوچ کر کانپ جاتی ہوں کہ اگر مجھے ویکسین نہ دی جاتی تو میرا کیا حال ہوتا۔

اداکارہ نے تمام صارفین کو ماسک پہننے، ویکسین لگوانے اور تمام احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وائرس مذاق نہیں ہے اور اس کی نئی قسم ڈیلٹا ویرینٹ کو بالکل ہلکا نہ لیں۔

اس سے قبل بھی شوبز کے کئی اداکار کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا شکار ہوچکے ہیں جن میں عدنان صدیقی، سنبل اقبال اور سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی شامل ہیں۔

واضح رہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 49 ہزار 798 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3582 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 67 افراد انتقال کر گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں