کراچی میں اب گھر گھر جاکر شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی

حکومت سندھ نے کراچی میں گھر گھر جا کر شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔

موبائل ویکسی نیشن وین کا افتتاح کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کل سے کراچی کے ایک ضلع میں موبائل ویکسی نیشن شروع کر دیں گے، کوشش ہے کہ تمام اضلاع میں موبائل ویکسی نیشن شروع کریں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ موبائل ویکسی نیشن سے شہریوں کو مزید آسانی ہو گی۔

ترجمان حکومت سندھ نے کراچی کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کئی روز سے کورونا ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور یکم اگست کو سندھ میں 2 لاکھ 11 ہزار افراد نے ویکسی نیشن کروائی۔

خیال رہے کہ پنجاب کے 5 اضلاع میں بھی شہریوں کو گھر گھر جا کر کورونا ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں