اسلام آباد: قومی ائیرلائن پی آئی اے کے ترجمان نے دورانِ پرواز مسافروں کو منرل واٹر کی بوتلوں کی فراہمی روکنے کی خبر کی تردید کردی۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ قومی ائیرلائن پی آئی اے نے اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کے لیے ہاف لیٹر منرل واٹر بوتلوں کی فراہمی روک دی ہے اور اب مسافروں کو گلاس میں پانی فراہم کیا جائے گا۔
تاہم پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔
ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہےکہ پی آئی اے کی طرف سے ایک نوٹس جاری کیا گیا جس میں منرل واٹر کی جہاز پر فراہمی کیلئے انگریزی کے لفظ ‘اپ لفٹ’ کے استعمال کا مطلب ‘فراہمی ختم کرنا’ اخذ کیا گیا جو کہ غلط مفہوم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پروازوں پر پانی کی فراہمی جاری ہے اور بوتلیں تمام مسافروں کی نشستوں کی جیبوں میں دستیاب ہوں گی۔