اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ارشد ندیم کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال

لاہور: جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔

لاہور ائیر پورٹ پہنچنے پر وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی، صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی اور دیگر نے اولپمین ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستہ پیش کیا۔

عوام کی بڑی تعداد بھی ائیرپورٹ کے باہر قومی ہیرو کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھی اور جیسے ہی ارشد ندیم ائیرپورٹ سے باہر آئے تو عوام کی جانب سے پاکستان زندہ باد، ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

آئندہ مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا: ارشد ندیم
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا جس جس نے میرے لیے دعا کی ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے ہی دنیا میں شہرت ملی۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ میں نے بہت محنت کی اور پانچویں نمبر پر آیا، سپورٹ کرنے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کا شکر گزار ہوں، میری جو سرپرستی کی گئی اس سے مطمئن ہوں۔

قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا جو خامیاں رہیں ان پر قابو پاکر آئندہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کروں گا، اپنی کارکردگی سےآئندہ مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا۔

وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، ارشد ندیم نے عالمی سطح پر پاکستان کو پہچان دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں