کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے محرم الحرام کے دوران ایک ماہ کیلئے صوبے کے 10 حساس اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری سمیت دیگر پابندیاں عائد کردیں۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق حکومت نےمحرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ سمیت صوبے کے 10 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ان اضلاع میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اسلحہ کی نمائش ، پوسٹر لگانے اور وال چاکنگ کرنے پر بھی پابندی عائد ہوگی جب کوئٹہ سمیت صوبے کے حساس اضلاع میں موبائل فون سروس 9،7 اور 10 محرم کو بند رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق آتش بیاں مقررین ،ذاکرین اور علما کے کوئٹہ میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ مجالس اور جلوسوں کے راستے پر بھیک مانگنے اور مکانات کرائے پر دینے پر بھی پابندی ہوگی۔