لیونل میسی نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین سے دو سال کا معاہدہ کرلیا

ارجنٹائن کے معروف فٹ بال اسٹار لیونل میسی نے ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا سے جدا ہونے کے بعد قطری ملکیت کے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے دو سال کا معاہدہ کرلیا ہے۔

لیونل میسی کی فرانس کے دارلحکومت پیرس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا جہاں ان کے مداح بھی لا محدود تعداد میں جمع تھے اور معاہدے پر دستخط سے قبل ان کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا۔

34 سالہ فٹ بال اسٹار نے پیرس میں اپنی اہلیہ اور بچوں کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس جی میں زبردست ٹیلنٹ ہے اور وہ اس ٹیم کی نمائندگی کرنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

بارسلونا کو چھوڑ کر فرانسیسی کلب پی ایس جی میں شامل ہونے والے لیونل میسی کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم چیمپیئنز لیگ ٹائٹل جیت سکتی ہے ، ان کا مقصد اور خواب ایک بار پھر چیمپیئنز لیگ جیتنا ہے۔

پیر س سینٹ جرمین کے صدر ناصر ال خلیفے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میسی نے پی ایس جی کلب جوائن کرلیا ہے جس پر ہمیں بے حد خوشی ہے اور ہم ان کو خوش آمدید بھی کہتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میسی کا پی ایس جی سے تقریباً 25 ملین پاؤنڈز سالانہ میں طے ہوا ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً ساڑھے پانچ ارب سے زائد بنتی ہے جبکہ نئی ٹیم میں شامل ہوتے ہی معروف فٹ بالر 30 نمبر کی شرٹ پہنیں گے جس کی پیرس میں فروخت ہونا بھی شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے 21 سال اپنے سابقہ کلب میں 10 نمبر کی شرٹ پہنی تھی۔

بارسلونا کے سابق اسٹرائیکر لیونل میسی پیرس سینٹ جرمین میں برازیلی کھلاڑی نیمار جونیئر اور فرانس کے اسٹار اسٹرئیکر ایم باپے جیسے کھلاڑی کے ہمراہ عنقریب گراؤنڈ میں اپنی نئی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس جی میسی کا دوسرا کلب ہے، اس سے قبل وہ 21 برس تک بارسلونا کی نمائندگی کرتے رہے ہیں جہاں انہوں نے 10 لالیگا ٹائٹلز، چار چیمپیئنز لیگ اور سات کوپا ڈیل رے کپ جتوائے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں