شکار پور کچے کے علاقوں میں آپریشن کی ناکامی میں پولیس اہلکار وں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) تنویر تنیو کے مطابق محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑیں ڈاکوؤں کو پیشگی اطلاعات فراہم کرتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحصیل لکی غلام شاہ تھانہ پر تعیناتی کے دوران پولیس اہلکار عمران علی بھیو نے پولیس کی نقل و حرکت کی پیشگی معلومات ڈاکوؤں کو فراہم کیں۔
ایس ایس پی کے مطابق حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ پولیس اہلکار کو نوکری سے برطرف کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ پولیس اہلکار کا مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونا اور مجرموں کے ساتھ رابطے محکمے کے ساتھ عوام کیلئے بھی نقصان دہ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دو پولیس اہلکاروں صلاح دین مہر اور عمران ڈیو کو اسی الزام میں نوکری سے برطرف کیا گیا تھا۔