پاکستان کا 75 واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا اور فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی۔ نمازِ فجر میں ملکی ترقی، سلامتی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر عارف علوی تھے۔
کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں یوم آزادی کے حوالے سے تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
گوگل ڈوڈل بھی پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا
سرچ انجن گوگل نے بھی پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا ہے اور پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا ہے۔
مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔
کراچی میں مزار قائد پر پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے اور قائد اعظم کو سلام پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور سہیل احمد تھے جنہوں نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
ادھر شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ
رات گئے 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہر شہر چراغاں، نوجوان سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ خواتین، بچے، بڑے سب پُرجوش دکھائی دیے۔ گلیوں، شاہراہوں، چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا اور سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔