امریکی صدر کا مزید ایک ہزار فوجی کابل بھیجنے کا اعلان

امریکی صدر نے کابل سے عملے کے انخلا کے لیے مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کردیا۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہےکہ صدر جوبائیڈن نے امریکی اورافغان شہریوں کی واپسی کے لیے مزید ایک ہزار فوجی اہلکار بھیجنے کی منظوری دی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق مجموعی طور پر 6 ہزار امریکی فوجی اہلکار افغانستان بھیجے جائیں گے، افغانستان سے محفوظ مقام پر منتقل ہونے والوں کو ائیرپورٹ پر اکٹھا کیا گیا ہے۔

امریکی وزارت دفاع اور خارجہ کا مشترکہ بیان
دوسری جانب امریکی وزارت دفاع اور وزارت خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہےکہ کابل ائیر پورٹ کو محفوظ رکھنے کی کوششیں جاری ہیں، امریکی و اتحادی عسکری اور سول عملے کا بحفاظت انخلا چاہتے ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 48 گھنٹوں میں 6 ہزار امریکی فوجی تعینات کیے جائیں گے، افغانستان کا ائیر ٹریفک کنٹرول بھی سنبھال لیا جائے گا جب کہ افغانستان میں امریکی شہریوں اور افغان اسٹاف کو فیملیز سمیت ملک سے نکالا جائے گا۔

امریکی حکام نے مزید کہا کہ سکیورٹی کلیئرنس اور خصوصی ویزا کے حامل افغان شہریوں کو بھی جلد نکالا جائے گا اور ایسے تمام شہریوں کو امریکا منتقل کیا جائے گا۔

امریکا اور اتحادیوں سمیت 65 ملکوں کا مشترکہ بیان

امریکی محکمہ خارجہ نے اتحادیوں کی جانب سے دستخط شدہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ افغانستان سے جانے کے خواہش مند افغانیوں اور غیر ملکیوں کو جانے کی اجازت دی جائے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ انسانی زندگی کے تحفظ کے ذمے دار اور جوابدہ افغانستان میں طاقت اور اختیارات رکھنے والے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں