پاکستان میں کورونا سے اموات 25 ہزار سے تجاوز کر گئیں

پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 80 افراد انتقال کر گئے اور 3772 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 53 ہزار 881 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3772 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 80 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار 03 ہو گئی اور مجموعی کیسز 11 لاکھ 27 ہزار 584 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3107 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 12 ہزار 662 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 89919 ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں