پاکستان نے افغان کرکٹرز کو ویزے جاری کر دیے

پاکستان نے افغانستان کرکٹ ٹیم کےکھلاڑیوں کو ویزے جاری کر دیے ہیں۔

افغان کرکٹرز کے متبادل ٹریول پلان میں براستہ پاکستان سری لنکا کا سفر شامل ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز اگلے ماہ سری لنکا میں شیڈول ہے۔

سیریز کی میزبانی افغانستان نےکرنی ہے تاہم افغانستان کی بدلتی سیاسی صورتحال اور سری لنکا میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث سیریز کے انعقاد پر اب تک سوالیہ نشان ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ ‏پاکستان نے افغان کرکٹ ٹیم کو ویزہ جاری کردیا ہے، دعا ہےکہ افغان کرکٹ ٹیم اپنےعوام کے چہروں پر مسکراہٹیں لائے گی۔

دوسری جانب افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شہیدی نے طالبان رہنما انس حقانی سے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر کرکٹر نور علی زدران اور افغان کرکٹ بورڈ کے سابق سی ای او اسد اللہ خان بھی موجود تھے۔

طالبان رہنما نےافغان ٹیم کے مسائل سُنےاور کرکٹ کے حوالے سے حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں