کابل: افغانستان کے سینئر صحافی و تجزیہ کار طاہر خان کا کہنا ہےکہ عبداللہ عبداللہ نے طالبان کو اکیلے حکومت سازی سے متعلق خبردار کردیا ہے۔
سینئر تجزیہ کار طاہر خان نے کہا کہ ’افغانستان میں غیر ملکیوں کی موجودگی بھی حکومت سازی میں تاخیر کی وجہ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ حامد کرزئی، گلبدین حکمت یار اور عبداللہ عبداللہ کے قریبی ساتھیوں سے بات کی ہے، انہوں نے بتایا کہ عبداللہ عبداللہ نے طالبان کو خبردار کیا ہے کہ آپ اکیلے حکومت نہیں چلاسکتے، جب تک آپ سب کو نمائندگی نہیں دیں گے‘۔
طاہر خان کا کہنا تھا کہ ’طالبان اپنا مؤقف دیتے ہیں کہ ملک میں تمام اقوام کو شامل کریں گے، میرے خیال میں طالبان کہیں گے کہ ہم نے لڑائی کی ہے تو ہم کیوں زیادہ حصہ کسی کو دیں‘۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ ’طالبان سے سنا ہےکہ جب تک غیر ملکی افواج موجود ہوں ان کی نظر میں یہ جارحیت کا تسلسل ہوگا، طالبان کے مشورے روزانہ جاری ہیں، ان سے ان کے امیر کے بارے میں بھی پوچھا گیا ہے جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ بھی جلد سامنے آئیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں طاہر خان نے افغانستان میں خانہ جنگی کے خطرے کے امکان کو مسترد کردیا۔