دبئی جانے والے پاکستانیوں کیلئے’ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ’ کی شرط میں نرمی کردی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ائیر لائن نے بھارت ، پاکستان اور چار دیگر ممالک سے دبئی جانے والے مسافروں کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرائط میں نرمی کردی ہے۔
ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرائط میں نرمی کےبعد متحدہ عرب امارات کا درست ویزا رکھنے والے تمام مسافر اپنی روانگی سے 6 گھنٹے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرا سکتے ہیں۔
اس سے پہلے تمام مسافروں کو روانگی سے 4 گھنٹے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ضروری تھا۔
امارات ائیرلائن کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ متحدہ عرب امارات کا درست رہائشی ویزا رکھنے والے تمام مسافروں کو بھارت ، نیپال ، نائیجیریا ، پاکستان ، سری لنکا اور یوگنڈا سے دبئی سفر کرنےکی اجازت ہے تاہم انہیں فلائٹ سے 6 گھنٹے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
بیان میں مسافروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ قبول نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے علاوہ مسافروں کے پاس پرواز کی روانگی سے 48 گھنٹوں کے اندر مصدقہ لیبارٹریوں کا کورونا ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ ہونا بھی ضروری ہے۔
دبئی کے ویزا ہولڈرز کو جنرل ڈائریکٹریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) کے ذریعے پری انٹری منظوری کے لیے درخواست دینا بھی ضروری ہی جب کہ دبئی پہنچنے پر مسافروں کو کوویڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ بھی کروانا ہوگا۔
تاہم متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو مذکورہ بالا تقاضوں سے استثنیٰ حاصل ہے لیکن دبئی پہنچنے پر انہیں بھی پی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
واضح رہے کہ دبئی ایکسپو 2020 کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے ویزا والے مسافروں کو دبئی میں داخل ہونے کے لیے جی ڈی آر ایف اے کی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔
پی سی آر ریپڈ ٹیسٹ کیا ہے؟
دنیا بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے عام طور پر پی سی آر ٹیسٹ کیا جارہا ہے جس کی رپورٹ کم از کم 24 گھنٹوں میں آتی ہے جب کہ پی سی آر ریپڈ ٹیسٹ اسی کی جدید شکل ہے جس کی رپورٹ 4 گھنٹے میں آجاتی ہے۔