افغانستان میں طالبان کے مکمل کنٹرول کے بعد افغان باشندوں کے اپنے ملک سے ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر انخلا اور کراچی کا رُخ کرنے کے خدشات کے پیشِ نظر کراچی پولیس کو فوری چھان بین کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تمام تھانوں کی پولیس کو کراچی میں پہلے سے مقیم افغان باشندوں کا ڈیٹا اور تفصیلات فوری جمع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر ایک فارم کا اجراء کیا جارہا ہے جو تمام تھانوں کو فوری فراہم کیا جائے گا، فارم میں افغانی باشندوں کا شمار، خاندان کے افراد کی تعداد، تفصیلات، رہائشی مکانات، قیام کی مدت، ان کے قیام کے اسٹیٹس وغیرہ سے متعلق سوالات شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ بھی معلومات جمع کی جائیں گی کہ افغان باشندوں کے پاس پاکستان میں قیام کی کون کون سے دستاویزات موجود ہیں۔
اس کے علاوہ تھانوں کی پولیس کو اپنے اپنے علاقے میں لوگوں کی آمدورفت خاص طور پر افغان باشندوں کے پاس آنے والے مہمانوں پر نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں مراد علی شاہ نے ہدایت کی تھی کہ پولیس افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں سکیورٹی سے متعلق خصوصی اقدامات کرے اور صوبے میں جاری مختلف منصوبوں میں جہاں غیر ملکی شہری بھی کام کررہے ہیں، ان کی حفاظت یقینی بنائے۔