شارٹ ٹرم اغوا پر پکڑے گئے پولیس اہلکاروں کو مثالی سزائیں دی جائیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شارٹ ٹرم اغوا پر پکڑے گئے پولیس اہلکاروں کو مثالی سزائیں دینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں گزشتہ 10 روز کے دوران ہونے والے جرائم کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے بریفنگ میں بتایا کہ صوبے میں اغواکے 5 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 4 کو خواتین کی آواز نکال کراغوا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جلد اغوا کاروں کے گروپ کو گرفتار کرلیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔

مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ شارٹ ٹرم اغوا پر پکڑے گئے پولیس اہلکاروں کو ایسی سزا دیں کہ وہ مثال بن جائیں۔

انہوں نے برطرف اہلکاروں کو ساتھ رکھنے والے پولیس افسروں پر نظر رکھنے اور کارروائی کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے میر پور ماتھیلو، خیرپور ، سکھر اور کنڈیارو پولیس کو منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف چوکس رہنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیس افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں سکیورٹی سے متعلق خصوصی اقدامات کرے اور صوبے میں جاری مختلف منصوبوں میں غیر ملکی شہری بھی کام کررہے ہیں، ان کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں