طالبان کمانڈر قاری فصیح الدین نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کے صوبے پنجشیر میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے۔
طالبان نے کابل پر کنٹرول کے بعد اب آخری مزاحمتی قلعے وادی پنجشیر کو بھی گھیر رکھا ہے اور وہیں مزاحمتی فورس سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔
افغانستان کے سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے اور صوبہ پنجشیر میں طالبان کے خلاف مزاحمتی فورس کے سربراہ احمد مسعود نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا۔
ایسے میں طالبان کمانڈر قاری فصیح الدین نے دعویٰ کیا ہے کہ وادی پنجشیر میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے ۔
انہوں نے شمالی اتحاد کے سابق اہم کمانڈر احمد شاہ مسعود کی رہائش گاہ اور وادی کی اہم چوٹیوں پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب افغان طالبان اور پنجشیر کے معززین میں مذاکرات بھی جاری ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امید ظاہر کی ہے کہ جنگ کی نوبت نہیں آئے گی اور معاملہ بات چیت سے ہی حل ہوجائے گا۔