ایپل کمپنی کے’سی ای او’ کو 75 کروڑ ڈالرز کا بونس مل گیا

معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹم کک کو 75 کروڑ ڈالرز کا بونس دیا گیا ہے جو امریکی کمپنی میں ان کی 10 سالہ شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹم کک کو یہ بونس 50 لاکھ ایپل شیئرز کی صورت میں دیا گیا ہے۔

ایپل کمپنی کی جانب سے ٹم کک کو دیا گیا بونس 2011 میں نافذ اس ’اسٹاک آپشن پلان‘ کو ظاہر کرتا ہے جب ٹم کک نے ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز کی موت سے کچھ دیر قبل سی ای او کا عہدہ سنبھالا تھا۔

ٹم کک کے سی ای او بننے کے بعد ایپل کمپنی کی مارکیٹ ویلیو آسمان کو چھونے لگی اور آج کمپنی کے اثاثے تقریباً 24 کھرب ڈالرز سے زیادہ ہیں۔

اسٹاک ایوارڈ میں ایپل کی کارکردگی کی بنیاد پر دیے گئے 11 لاکھ شیئرز اور39 لاکھ ٹائم بیسڈ شیئرز شامل ہیں جو ٹم کک کو بونس کی صورت میں ملے ہیں۔

ٹم کک اس وقت بھی ایپل کے 32 لاکھ شیئرز کے مالک ہیں جن کی مالیت 48کروڑ ڈالرز سے زیادہ ہے جبکہ فوربز میگزین کے مطابق ٹم کک کے اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً ایک ارب ڈالرز سے زائد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں