پاکستان کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں، ہمارا واحد مقصد افغانستان میں امن کے حصول میں مدد دینا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورعلاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران افغانستان کی حالیہ صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھاکہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں اور ہمارا واحد مقصد افغانستان میں امن کے حصول میں مدد دینا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمارا مقصد خود مختار، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کابل ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آرمی چیف نے دہشت گردی اور انتہاپسندی سے لڑنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ کابل سے انخلا کے آپریشنز میں خصوصی تعاون پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں