مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لاکھوں کی تعداد میں عوام کے ساتھ اسلام آباد جانے کا اعلان کر دیا۔
باغ جناح کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں کا سمندر لے کر اسلام آباد جائیں گے اور حکومت کو دفن کریں گے۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے سندھ کے لیے 162 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا لیکن چند ٹکوں کے علاوہ سندھ کو کوئی رقم فراہم نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اپنے گھر سے ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر دفتر جاتے ہیں، ساڑھے 300 کنال کے محل میں بیٹھ کر ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، اس سے بڑی کوئی خطا نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔