امریکی موبائل کمپنی ‘ایپل ‘نے چائلڈ پورنوگرافی روکنے کیلئے آئی فونز اسکین کرنے کا نیا فیچر مؤخر کردیا۔
ایپل کمپنی نے جمعے کو اعلان کیا کہ وہ اپنے متنازعہ نئے اینٹی چائلڈ پورنوگرافی فیچر کو مؤ خر کر رہی ہے ۔
ایپل کے مطابق یہ فیصلہ نئے فیچر پر تنقید کرنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایپل کمپنی کے اس نئے فیچر پر تنقید کی جارہی تھی کہ یہ صارفین کی جاسوسی کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے
ایپل کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ کمپنی جلد ایسی ٹیکنالوجی متعارف کروائے گی جس میں صارفین کے آئی فون اور آئی پیڈ کو اسکین کیا جاسکے گا۔
جس سے ان والدین کو خبردار کیا جاسکے گا جن کے بچے میسجز پر غیرمہذب تصاویر دیکھیں گے یا کسی کو بھیجیں گے۔
اس کے علاوہ یہ فیچر بچوں کے جنسی استحصال کی تصاویر آئی فون صارفین کی جانب سے آن لائن محفوظ کیے جانے کا خودبخود پتا چلائے گا اور پولیس کو رپورٹ کرے گا۔
تاہم مختلف ڈیجیٹل رائٹس آرگنائزیشنز نے نوٹ کیا کہ ایپل کے آپریٹنگ سسٹمز میں ردوبدل ، موبائل میں ایک ممکنہ بیک ڈور پیدا کرتا ہے جس کو استعمال کر کے حکومتیں اور مختلف گروہ صارفین کی جاسوسی کرسکتے ہیں ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایپل نے بچوں کے جنسی استحصال کی تصاویر کیخلاف نئے فیچر سے متعلق الزامات کی تردید کی تھی لیکن اب کمپنی نے اپنے اس نئے فیچر کو مؤخر کردیا ہے ۔