محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ لاہور میں صبح ہی سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختو نخوا ، گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان اور سندھ میں تیزہواؤں اور گرج چمک کےساتھ آج بھی بارش کا امکان ہے۔
لاہور
لاہور میں صبح سویرے ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
لاہور میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بند ہے۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن ( لیسکو) کا کہنا ہے کہ بارش رکنے کے بعد بجلی بحالی کا کام شروع ہو گا۔
لاہورکے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہورمیں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 124 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
تاج پورہ میں 98، فرخ آباد میں 90، مغل پورہ میں 80 ملی میٹر ، اندرون شہر میں 74، چوک ناخدا 65، نشتر ٹاؤن میں 57 ، گلشن راوی میں 46، جیل روڈ34،سمن آباد32،اقبال ٹاؤن میں 29 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش،بوندا باندی کا امکان ہے۔
شہر میں مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کاامکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے، جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار18 کلومیٹرفی گھنٹہ ہے۔