پاکستان کے حارث طاہر نے ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کےکوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

پاکستان کے حارث طاہر نے دوحہ میں جاری چھتیسویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔

پری کوارٹر فائنل میچ میں حارث نے قطر کے علی العبیدلی کو 2۔ 4 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ۔

پاکستان کے دوسرے کیوئسٹ بابر مسیح ایرانی حریف کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سےباہر ہوگئے ہیں۔

چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں حارث طاہر بھرپور فارم میں دکھائی دیے،انہوں نے ابتدائی 2 فریمز میں93 اور75کی بریکس کھیلتے ہوئے0-2 کی برتری حاصل کی۔

تاہم تیسرے فریم میں علی العبیدلی نے کم بیک کیا اور اپنے خسارے کو کم کیا ، مگر حارث نے چوتھا فریم جیت کر ایک بار پھر برتری کو مستحکم کیا۔

پانچویں فریم میں دونوں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا اور فریم کا اختتام دونوں کے اسکور 60 کے ساتھ ہوا جس کے بعد ٹائی بریکر پر بلیک بال دوبارہ پاکیٹ کی گئی جس میں قطری کیوئسٹ بازی لے گئے اور برتری کو ایک بار پھر کم کرکے 2-3کیا۔

تاہم چھٹے فریم میں حارث نے شاندار کنٹرل کا مظاہرہ کیا اور آخری 2 کلر خوبصورتی سے پاکیٹ کر کے2-4 کی فتح کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔

پاکستان کے دوسرے کھلاڑی بابر مسیح کو پری کوارٹر فائنل میں ایران کے سیاوش موزایانی نے 2-4 سے ہرایا ۔

بابر نے پہلا فریم ہارنے کے بعد مسلسل دو فریم جیت کر1-2 کی برتری حاصل کی مگر وہ اسکو برقرار نہ رکھ سکے اور پھر یکے بعد 3 فریمز میں انہیں شکست ہوئی ، یوں وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں