سابق کپتان ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم ڈیرن سیمی نے کہا ہے نیوزی لینڈ کے فیصلے پر مایوسی ہوئی۔
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا فیلڈ ماہرین کہہ رہے ہیں کہ پاکستان محفوظ ہے تو اعتماد کرنا چاہیے، پچھلے 6 سال سے پاکستان آ رہا ہوں، ہمیشہ اچھا تجربہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں بھی حملے ہوتے دیکھے ہیں، آسٹریلیا میں بھی واقعات ہوتے دیکھے ہیں، دنیا میں ہر جگہ واقعات ہوتے ہیں لیکن وہاں کوئی شور نہیں مچاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالات بدل چکے ہیں، پہلے لوگ پوچھتے تھے پاکستان جانا محفوظ ہے؟ اب لوگ پوچھتے ہیں پاکستان میں کھانا کہاں جا کر کھائیں۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے کچھ دیر قبل ہی دورہ منسوخ کر دیا تھا جس پر دنیا بھر سے کرکٹ فینز کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔