افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں ہفتے کے روز طالبان فورسز پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش خراسان نے قبول کرلی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی( اے ایف پی )کے مطابق داعش خراسان نے ہفتے کے روز جلال آباد میں طالبان کی تین گاڑیوں کو نشانہ بنانے اور طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
اس کے علاوہ خبر رساں ایجنسی نے بتایاکہ داعش نے اتوار کے روز بھی طالبان کی گاڑی پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
‘
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز افغان شہر جلال آباد میں طالبان جنگجوؤں کو لے جانے والی گاڑی بم حملے کا نشانہ بنی۔
عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے بعد کئی زخمی طالبان جنگجوؤں کو اسپتال لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ مقامی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز جلال آباد میں ہونے والے بم دھماکوں میں 3 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے ۔
خیال رہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش خرسان نے گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی کابل ائیر پورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں امریکی فوجیوں سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔