دبئی: متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ تہنون بن زاید النہیان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد، نائب وزیراعظم اور سعودی عرب کے وزیر دفاع سے ملاقات کی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ بدر العساکر کے نجی دفتر کے ڈائریکٹر نے اپنے ٹوئٹر پیج پر تینوں عہدیداروں کی تصویر شائع کی۔
انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ “شہزادہ محمد بن سلمان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ تہنون بن زاید النہیان کی بحیرہ احمر میں ایک دوستانہ اور برادرانہ ملاقات ہوئی۔
یہ واضح نہیں ہے کہ خلیجی رہنما کہاں ملے لیکن ان کے لباس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی ملاقات آفیشل سطح پر نہیں بلکہ چھٹیوں کے دوران ہوئی۔
گزشتہ ماہ کے اوائل میں شیخ تمیم بن حماد نے شیخ تہنون بن زاید کی سربراہی میں ایک اماراتی وفد کا استقبال کیا تھا۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی تھی، خاص طور پر معاشی اور تجارتی شعبوں اور سرمایہ کاری کے اہم منصوبوں میں، جو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے حصول کے ساتھ ساتھ تعمیر، ترقی اور پیشرفت کے عمل کو پورا کرتے ہیں۔
سعودی عرب کے ولی عہد نے قطر کے امیر کو جنوری میں جی سی سی کے اجلاس کے بعد پہلے دورے میں جدہ آنے پر خوش آمدید کہا تھا جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی۔
جنوری میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے جی سی سی سربراہی اجلاس کے موقع پر قطر کے امیر سے بھی ملاقات کی تھی۔
اس سمٹ میں تمام خلیجی ممالک نے ایک اعلامیے پر دستخط کیے تھے جس کے بارے میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا تھا کہ قطر کے ساتھ تنازع باضابطہ طور پر ختم ہو گیا ہے۔