بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کیلئے انعام بٹ اور زمان انور رومانیہ کے ویزوں کے منتظر
بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے لیے پاکستان کے دو میڈلسٹ پہلوان انعام بٹ اور زمان انور رومانیہ کے ویزوں کے منتظر ہیں۔
اطلاعات کے مطابق انعام بٹ اور زمان انوار کو تاحال رومانیہ کے ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں۔
رومانیہ میں بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کا آخری مرحلہ 25 اور 26 ستمبر کو شیڈول ہے، دو پہلوانوں انعام بٹ اور زمان انور نے 24 ستمبر کو ایونٹ میں رپورٹ کرنا ہے جنہیں کل ویزے نہ ملے تو پاکستان کی بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں نمائندگی ممکن نہیں ہو گی۔
ترجمان پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ کل تک ویزے جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ متعلقہ لوگوں سے اس حوالے سے بات بھی کی گئی ہے۔ انعام بٹ ویزہ مسائل کے باعث بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے پہلے مرحلے میں جو کہ فرانس میں ہوا تھا اس میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔
یاد رہے کہ انعام بٹ نے اٹلی اور یونان کے مرحلے میں گولڈ میڈل جیتا تھا، زمان انور بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں پاکستان کے لیے برانز کا تمغہ جیت چکے ہیں۔