لاہور میں 15 سالہ لڑکے نے ایک لڑکی کے معاملے پر 14 سالہ لڑکے کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق 15 سالہ ملزم رضا منگل کی شام ساڑھے سات بجے 14 سالہ طلحہ کو ورغلا کر ایک زیر تعمیر مکان میں لے گیا اور وہاں جھگڑے کے بعد گلے پر چھری مار کر اسے قتل کر دیا۔
پھر ملزم نے خود ہی مساجد میں اس کی گمشدگی کے اعلانات کروائے اور ورثا کے ساتھ اسے ڈھونڈتا بھی رہا۔
محلے دار جب تلاش کرتے کرتے زیر تعمیر مکان تک پہنچے تو وہاں طلحہ کی لاش پڑی تھی۔
پولیس کو لاش کے پاس رضا کی ٹوٹی ہوئی عینک بھی ملی جس پر اسے حراست میں لیا گیا تو اس نے قتل کا اعتراف کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم رضا مقتول طلحہ کی کزن سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اس لڑکی کے ساتھ طلحہ کی شادی ہونے کے شک پر اسے قتل کردیا۔
ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے مقتول کی کزن کے گھر رشتہ بھی بھیجا تھا جس سے انکار ہوگیا۔
ملزم نے موقع واردات پر اپنی عینک ٹوٹنے پر یہ ڈرامہ رچایا کہ طلحہ اس کی عینک لیکربھاگ گیا تھا اور واپس نہ آیا تاہم اسی عینک نے ملزم کو پکڑوا دیا۔