کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ اگلے سال شیڈول دورہ پاکستان کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل مکمل سیریز کیلئے اگلے سال فروری مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے ۔
تاہم نیوزی لینڈکا پاکستان آمد کے بعد سکیورٹی تھریٹ کا بہانہ کرکے اچانک دورے سے دستبردار ہونا اور پھر انگلینڈ کے یہاں آنے سے انکار کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے دورے پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
اس سلسلے میں جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کول ہچکوک نے جیو نیوز کو مختصر پیغام میں بتایا کہ کرکٹ آسٹریلیا صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور مزید معلومات کے بعد دورے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اسکے بعد سے پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف اپنی تمام ہوم سیریز نیوٹرل مقامات پر کھیلی ہیں۔