نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے والی اپنی ٹیم کے آکلینڈ پہنچنے پر سوشل میڈیا کا کمنٹ سیکشن ہی بند کر دیا۔
چند روز قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے کچھ دیر قبل سکیورٹی وجوہات کو جواز بناتے ہوئے اسٹیڈیم نہ جانے کا اعلان کیا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز منسوخ ہو گئی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ کرنے کو سازش قرار دیا جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم براستہ دبئی آکلینڈ پہنچی جس کی اطلاعات کیوی بورڈ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی جہاز سے باہر نکلنے کے ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔
کیوی بورڈ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ 24 رکنی بہادر اسکواڈ براستہ دبئی آکلینڈ پہنچ گیا ہے اور اب تمام ممبران 14 روز قرنطینہ میں گزاریں گے۔
The 24 strong BLACKCAPS touring squad have arrived home into Auckland from Dubai and will shortly begin the mandatory 14 days in MIQ. pic.twitter.com/VVa86O698g
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) September 22, 2021
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ممکنہ طور پر دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر ہونے والی تنقید سے بچنے کے لیے اس ویڈیو پر کمنٹ سیکشن ہی بند کر دیا اور صرف ان لوگوں کو کمنٹ کرنے کی اجازت فراہم کی گئی جنہیں کیوی کرکٹ بورڈ نے مینشن کیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ بلیک کیپس نے کن لوگوں کو کمنٹ کرنے کی اجازت فراہم کی۔