کراچی کی سڑکوں پر کھڑا پانی اتر گیا، آج مزید بارش کا امکان

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر کھڑا پانی اتر گیا لیکن محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ روز چند گھنٹے کی تیز بارش سے متعدد شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا، کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہو گئیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم رات گئے مختلف علاقوں سے پانی اتر گیا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل بھی بارش کا امکان ہے، آج بھی دوپہر دو سے تین بجے کےدوران بارش متوقع ہے ۔

سردار سرفراز کے مطابق 27 ستمبر کو ایک اور اسپیل داخل ہونے کا امکان ہے جس سے 30 ستمبر تک بارشیں ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

آج سندھ کے دیگر علاقوں، مشرقی پنجاب اور بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں