اسپینش فٹبال لیگ: بارسلونا نے لیوانٹےکو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3 صفر سے شکست دیدی

اسپینش فٹبال لیگ لالیگا میں بارسلونا نے لیوانٹےکو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3 صفر سے شکست دے دی۔

اسپینش فٹبال لیگ میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں بارسلونا نے لیوانٹے کی ایک نہ چلنے دی اور میچ میں شروع سے ہی مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔

میچ کے چھٹے ہی منٹ میں بارسلونا کے میمفس نے پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلوائی جس کے بعد 14ویں منٹ میں لوک ڈی جونگ نے دوسرا گول کرکے برتری میں اضافہ کردیا اس کے علاوہ انسو فاتی نے بارسلونا کی جانب سے تیسرا گول کیا۔

لیوانٹے بارسلونا کے خلاف کوئی بھی گول نہ کرسکی اور یوں اسے 0-3 سے شکست کاسامنا ہوا۔

بارسلونا لالیگا2022-2021 میں 6 میں سے 3 میچز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اور وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پرموجود ہے۔

اس کے علاوہ اتوار کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں اوسوسونا نے مایورکا کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی۔

اسپینش لیگ میں اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں مایورکا اور اوسوسونا کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، اسکورنگ کا آغاز مایورکا کی جانب سے ہوا ، فرنینو نے چوتھے منٹ میں گیند حریف کے جال میں پہنچائی۔

نویں منٹ میں ہوزے اینجل نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا، 2 منٹ بعد مایورکا کے ڈینی روڈریگز نے گول کرکے ٹیم کو دوبارہ سے برتری دلادی، کھیل کے 57 ویں منٹ تک میچ برابر رہا، 58ویں منٹ میں اوسو سونا کے پیریز نے گول کرکے میچ کو پھر برابری میں تبدیل کردیا۔

مقررہ وقت کے ختم ہونے سے دو منٹ قبل اوسوسونا کے مارٹینز نے گول کرکے ٹیم کی برتری میں اضافہ کردیا، اسی اسکور پر میچ کا خاتمہ ہوا، یوں پہلے ہاف میں خسارے میں موجو د ٹیم میچ کے خاتمے پر فاتح بن کر میدان سے واپس لوٹی۔

واضح رہے کہ اسپینش فٹبال لیگ لالیگا کے تمام میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل ‘جیو سپر ‘ سے براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں