سپرہائی وے پر ٹریفک حادثہ، بس ڈرائیور کی غفلت نے 5 افراد کی جان لے لی

کراچی: سپرہائی وے پر نوری آباد کے قریب مسافر بس اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بس کراچی سے خیرپور جا رہی تھی کہ سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق کراچی کے علاقے انچولی سے ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے زخمیوں کو کوٹری تعلقہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹریفک حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، متاثرہ بس کے مسافر اندرون سندھ مقدس مقامات کی زیارت کو جا رہے تھے۔

دوسری جانب حادثے کا شکار ٹریلر کے مالک اقبال نے جی نیوز کو بتایا کہ بس نے ٹریلر کو پیچھے سے ٹکر ماری، ٹریلر میں ڈرائیور اور کلینر موجود تھے، دونوں کا کچھ پتا نہیں چل رہا۔

ٹریلر مالک کا کہنا ہے دوسرے ڈرائیوروں نے بتایا کہ بس ڈرائیور اوورٹیک کی کوشش کر رہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں