ایکواڈور کی جیل میں دو گینگ گروپوں کے درمیان تصادم میں 29 قیدی ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایکواڈور کے شہر گوایاکل کی جیل میں قیدیوں کے دو گرپوں نے ایک دوسرے پر اسلحے، گرینیڈ اور چاقوؤں سے حملہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قیدیوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوئے۔
جیل حکام کے مطابق پولیس اور فوج کی جانب سے 5 گھنٹوں کے طویل آپریشن کے بعد صورت حال پر قابو پایا گیا۔
دوسری جانب ایکوا ڈور کے اٹارنی جنرل دفتر کا کہنا ہے کہ جیل میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والے خونریز تصادم کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بھی ایکوار ڈور کی تین جیلوں میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 79 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے جبکہ اس سے قبل ایکواڈور کی لٹورل جیل میں بھی قیدیوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔