جنوبی امریکا کے ملک ایکواڈور کی جیل میں گینگ وار گروپوں میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کے روز ایکواڈور کے شہر گوایاکل کی جیل میں قیدیوں کے دو گرپوں نے ایک دوسرے پر اسلحے، گرینیڈ اور چاقوؤں سے حملہ کیا تھا جس میں متعدد قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
ایکوا ڈور کے حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس اور فوج نے جیل میں آپریشن کر کے حالات پر قابو پا لیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل دفتر کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ جیل میں گینگ وار گروپوں میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 116 ہو گئی ہے جبکہ 80 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
ایکواڈور کے صدر گوئلرمو لاسو نے گینگ وار گروپوں میں ہونے والے خونریز تصادم کے بعد جیل ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔