فرانس میں شوہر سمیت درجنوں ملزمان کو خاتون سے متعدد بار زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق پولیس نے ایک 68 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ کئی سالوں تک اپنی اہلیہ کو منشیات دیتا رہا تاکہ اس دوران اس کے ساتھ دیگر افراد زیادتی کرسکیں، اس دوران وہ شخص اپنی بیوی کے ریپ کی ویڈیو بھی بناتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی شہر ایویگن کی ایک دکان میں متاثرہ خاتون کا شوہر خواتین کے اسکرٹس کے نیچےکی ویڈیوز بناتے ہوئے پکڑا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کیں تو بیوی سے اجتماعی زیادتی کا کیس سامنے آیا جس میں مزید41 افراد کی بھی نشاندہی ہوئی۔
پولیس کمشنر کا کہنا ہےکہ ریپ کیسز میں عام طور پر بہت کم ہوتا ہے کہ اتنے زیادہ شواہد موجود ہوں، اس کیس میں ہمارے پاس کافی تفصیلات موجود ہیں حالانکہ متاثرہ خاتون ریپ کے دوران ہوش میں نہیں ہوتی تھیں، خاتون کے شوہر نے زیادتی کے تمام واقعات کی ویڈیوز بنائی ہیں۔
پولیس کمشنرکے مطابق یہ بھی غیر معمولی بات ہےکہ اتنا طویل عرصہ 2010 سے لےکر 2020 تک ملزمان ریپ کرتے رہے اور اس میں اتنی بڑی تعداد میں افراد ملوث تھے۔
خاتون اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں سے لاعلم!
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون جن کی عمر تقریباً 60 سال ہے ، انہیں اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کی وارداتوں کا علم ہی نہیں تھا اور انہیں جب پولیس نے بتایا تو انہیں پتا چلا کہ ان کے ساتھ کیا ہوتا رہا ہے۔
بڑی تعداد میں ریپ کی ویڈیوز خاتون کے شوہرکےکمپیوٹر سے برآمد کرلی گئی ہیں، ساتھ ہی مختلف ویب سائٹس پر ملزم کی جانب سے پوسٹ کیے گئے پیغامات بھی ملے ہیں جن میں اس کی جانب سے اپنی بیوی سے ریپ کی دعوت دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں ریپ میں ملوث جن افراد کے نام سامنے آئے ہیں ان کی عمریں 24 سے 71 سال ہیں، پولیس نے کل 32 افراد کو حراست میں لیا ہے جب کہ مزید 9 افراد سے تفتیش کی گئی ہے۔