روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو روسی ساختہ کورونا ویکسین ‘اسپوتنک ‘ کی خوراک لگوانےکا مشورہ دے دیا ۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق بدھ کے روز روسی صدر نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں کہا کہ آپ کو اپنی اگلی بوسٹر خوراک کیلئے روسی ساختہ ویکسین اسپوتنک کا استعمال کرنا چاہیے۔
صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر 3 گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں نے ایک متاثرہ معاون کے ساتھ پورا دن گزارا لیکن میں کورونا کا شکار نہیں ہوا کیونکہ میرے پاس زیادہ اینٹی باڈیز ہیں ، خدا کا شکر ہے کہ میں خوش قسمت رہا۔
انہوں نے ترک صدر کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اگلی مرتبہ روسی ساختہ ویکسین لگوائیں ، جس پر جواب دیتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ میں نے پہلے ہی فائزر کی بوسٹر خوراک لگوالی ہےجبکہ میرے اینٹی باڈیز کا لیول 1100 ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اپنے عملے میں شامل متعدد افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونےکے بعد خود ساختہ تنہائی (سیلف آئیسولیشن) اختیار کرلی تھی ۔
اس کے علاوہ پیوٹن کورونا کی روسی ویکسین اسپوتنک V کی دوخوراکیں بھی لگواچکے ہیں۔