امریکا سکتے کے عالم میں ہے، ٹیکنالوجی اور وسائل دھرے رہ گئے: شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا سکتے کے عالم میں ہے، ٹیکنالوجی اور وسائل دھرے رہ گئے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے پاکستان کا مؤقف پیش کیا ہے، افغانستان میں یہ صورتحال راتوں رات پیدا نہیں ہوئی، اس کا ایک پس منظر ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے دنیا کو آگاہ کیا کہ پاکستان کو مغرب کے ساتھ تعاون کی قیمت اٹھانی پڑی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ اِس وقت امریکا سکتے کے عالم میں ہے، امریکا حیران ہے کہ 20 سال میں ان کی ٹیکنالوجی اور وسائل دھرے رہ گئے، ہم کہتے تھے کہ انخلا ضرور کریں لیکن بتدریج کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ کچھ قوتیں ہیں جو پاکستان کا نشانہ بنانا چاہتی ہیں ہمیں ان کا علم ہے، یہ قوتیں چاہتی ہیں کہ افغانستان کا سارا ملبہ پاکستان پر ڈالا جائے۔

شاہ محمود کا کہنا تھاکہ پاکستان نے ہر موقع پر امریکا کے ساتھ تعاون کیا ہے، پاکستان افغانستان کے معاملے پر تمام ممالک کے ساتھ مشاورت کررہا ہے، کچھ مخالفین ہیں، ان کے پروپیگنڈے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مستقبل قریب میں امریکا کی ایک اہم شخصیت پاکستان کا دورہ کرے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں