کراچی میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی ائیرپورٹ پر الرٹ جاری کردیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق چھوٹے طیاروں کو محفوظ جگہ پارک کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کسی حادثے سے بچنےکے لیے طیاروں کے ونگز کو بھاری وزن باندھ کر پارک کیا جائے، بارش میں کیڑے مکوڑے ہونے سے پرندوں کی آمد سے بھی جہازوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔’
سی اے اےکی جانب سے اسپرے کرنے والا عملہ اور برڈ شوٹرز بھی تعینات کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔
خیال رہےکہ محکمہ موسمیات نے جمعرات سےکراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان کی تشکیل ہو رہی ہے اور ڈپریشن 24 گھنٹوں میں سائیکلونک اسٹارم بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، میرپور خاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور بدین میں کل سے 2 اکتوبر کے دوران بارش کا امکان ہے جب کہ طوفانی بارشیں کراچی سمیت دیگر اضلاع میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آندھی کے باعث کمزور عمارتوں کو نقصان کا خطرہ رہے گا، ادارے الرٹ رہیں۔