پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر بیان کو مبہم قرار دیا ہے۔
برطانوی اخبار سے گفتگو میں رمیز راجہ نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا بیان مبہم ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ سے سکیورٹی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ برطانوی حکومت نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری نہیں بدلی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ یہ بھی معلوم ہوا ہےکہ کھلاڑیوں کی ویلفیئر اور سکیورٹی کے حوالے سے بھی انگلش کرکٹ بورڈ نے انگلش ٹیم سے کوئی بات نہیں کی اور صرف نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دستبردا رہونے کے بعد از خود نتیجہ اخذ کرکے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بدھ کے روز چیئرمین انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ این واٹمور نے پاکستان میں سیریز نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد پہلی مرتبہ تبصرہ کرتے ہوئےکہا تھا کہ پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ بورڈ کا تھا، اس فیصلے کے لیے کھلاڑیوں سے مشورہ نہیں کیا گیا تھا۔
واٹمور کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ فیصلے سے خاص طور پر پاکستان میں لوگ مایوس ہوئے، تفصیلات میں نہیں جاؤں گا لیکن سکیورٹی اور ویلفیئر کی ایڈوائس پر فیصلہ کیا گیا۔