برطانیہ میں ٹرک ڈرائیورز کی کمی کی وجہ سے میڈیکل اسٹورز پر ادویات کی ترسیل بھی متاثر ہونے لگی ۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق برطانیہ میں جاری ٹرک ڈرائیورز کے بحران نے میڈیکل اسٹورز کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے ادویات کی ترسیل میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق کیمیسٹ ایسوسی ایشن کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ برطانیہ میں ٹرک ڈرائیورز کی کمی کی وجہ سے اندرونی ہول سیل ڈپو کی سپلائی سے لے کر فارمیسی تک پوری سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں ٹرک ڈرائیورز کی کمی کے سبب پیٹرول اسٹیشنز پر ایندھن کی ترسیل کا عمل بھی بری طرح متاثر ہے جس سے پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔
ٹرک ڈرائیورز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے برطانوی حکومت نے گزشتہ ہفتے تقریباً 10 ہزار سے زائد افراد کو عارضی ویزے جاری کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 2019 سے 2021 کے دوران برطانیہ 72 ہزار ٹرک ڈرائیورز سے محروم ہوا جس کی اہم وجہ بریگزٹ سے برطانیہ کا انخلا ہے اور یہ ڈرائیورز یورپی یونین کے رکن ممالک میں رہنا چاہتے ہیں۔