فوٹوگرافر نے شادی میں کھانا نہ دینے پر دلہے کے سامنے تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں

ہنگری میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون فوٹوگرافر نے شادی میں دلہے کی جانب سے کھانا کھانے کی اجازت نہ دینے پر غصے میں آکر اُسی کے سامنے تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون فوٹوگرافر کا کہنا ہے کہ میں عام سی فوٹوگرافر ہوں میرےایک دوست نے پیسے بچانے کے کیلئے مجھے اپنی شادی کی تصاویر کھینچنے کو کہا۔

خاتون فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ وہ شادی کےدن تصاویر کھینچنے پہنچ گئی اور اس نے صبح 11 بجے سے شام 7 بجے تک تصاویر لینی تھیں لیکن جیسے ہی 5 بجے تو وہ تھک گئی اور اسی وقت کھانا شروع ہوا ، وہ کھانا کھانے جارہی تھی کہ دوست نےاسے روک لیا اور کھانا کھانے سے منع کردیا۔

خاتون کے مطابق اس کے دوست نے کہا کہ تم کھانا نہیں کھا سکتی تمہیں ہماری اور تصاویر لینا ہوں گی جس کے بعد اس نے درخواست کی کہ 10 سے 20 منٹ کا بریک دیا جائے تاکہ وہ کچھ کھا سکے لیکن اس کے دوست نے کہا کہ یا تم تصاویر لے لو یا پھر بغیر پیسے وصول کیے یہاں سے چلی جاؤ۔

خاتون کا کہنا ہے کہ یہ سن کر اسے غصہ آگیا اور اس نے دلہے کےسامنے شادی کی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں