سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک پروازوں سے متعلق نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم اکتوبر سے بغیرکورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سفرکرنے پر پابندی لگادی ہے۔
نئے حکم نامےکے تحت بیرون ملک سے پاکستان سفرکرنے سے 72 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور پاکستان آنے پر ائیرپورٹس پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو پاس ٹریک (Pass track) ایپلیکیشن پر سفر کرنے سے قبل اپنی تفصیل دینا ہوگی۔
15 سے 18 سال تک کی عمر کے مسافروں کو کورونا سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ دیا گیا ہے، سفارت کاروں کو کورونا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ سے استثنیٰ ہوگا۔
یکم اکتوبر سے پاکستان سے بیرون ملک جانے والے بغیرکورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سفرپر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک پروازوں پر بھی یکم اکتوبر سے بغیرکورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سفر پر پابندی لگادی گئی ہے تاہم اس میں 18 سال سےکم عمر مسافروں کو استثنیٰ حاصل ہے۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ہے اور تمام ائیرلاینز کو حکم نامے پر سختی سے عمل کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔